نئی دہلی ، 6 اپریل : جان لیوا کورونا وائرس سے سب سے زیاہ متاثر امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ دنیا میں جان لیوا اور مہلک ترین کورونا وائرس (کووڈ-19) سے متاثرہ افراد کی تعداد 13.17 کروڑسے زیادہ جبکہ اب تک 28.59 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 192 ممالک اور خطوں میں کورونا متاثرین کی تعداد 13 کروڑ 17 لاکھ سات ہزار 267 ہوگئی ہے ، جبکہ اب تک موذی کووڈ-19کی وجہ سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 28 لاکھ 59 ہزار 868 ہوچکی ہے۔
جان لیوا کورونا وائرس سے دنیا بھرمیں سب سے زیاہ متاثر امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ ملک میں مجموعی طور پر کورونا متاثرین کی تعداد تین کروڑ سات لاکھ 77 ہزار 336 ہوگئی ہے جبکہ 5 لاکھ 55 ہزار 403 مریض دم توڑ چکے ہیں۔
دنیا میں ایک کروڑ سے زائد کورونا متاثرین کی تعداد والے تین ممالک میں شامل برازیل دوسرے نمبر پر ہے اور اب تک اس ملک میں ایک کروڑ 30 لاکھ 13 ہزار 601 افراد اس موذی وائرس سے متاثر اور تین لاکھ 32 ہزار 752 مریض فوت ہوچکے ہیں۔