دہلی تشدد : متاثرین کی مدد کیلئے ترنمول کانگریس نے بنایا فنڈ ، ممتا بنرجی نے کتاب کی رائلٹی سے دئے پانچ لاکھ روپے

0
77

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے منگل کو آل انڈین ترنمول کانگریس اعانتی فنڈ بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ تاکہ حال ہی میں دہلی میں ہوئے تشدد کے متاثرین کی بازآبادکاری میں مدد کی جاسکے ۔ بتادیں کہ ممتا بنرجی نے دہلی تشدد کو منصوبہ بند قتل عام قرار دیا تھا ۔

تشدد متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے فنڈ بنائے جانے کی شروعات کا اعلان ممتابنرجی نے پیر کو اس وقت کیا تھا ، جب انہوں نے بنگلار گوربو ممتا (بنگال کی فخر ممتا ) مہم کی شروعات کی تھی ۔ یہ ٹی ایم سی کی عوام تک رسائی کی ایک مہم ہے ۔

اس فنڈ میں پہلا عطیہ ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے خود ہی کیا ۔ ذرائع نے نیوز 18 کو بتایا کہ ممتا نے اس فنڈ کیلئے اپنی کتاب سے ملی پانچ لاکھ روپے کی رائلٹی کی رقم عطیہ کی ہے ۔ علاوہ ازیں پارٹی کے 35 اراکین پارلیمنٹ میں سے ہر ایک اس فنڈ میں 10 ، 10 ہزار روپے دیں گے ۔ حالانکہ پارٹی فنڈ حاصل کرنے کے دیگر طریقوں پر بھی غور کررہی ہے اور اس کیلئے الگ الگ سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں ۔

پیر کو ممتا بنرجی نے دہلی تشدد کو موثر طریقہ سے روکنے میں ناکامی پر مرکزی حکومت کی سخت تنقید کی تھی ۔ انہوں نے نیتاجی انڈور اسٹیڈیم میں اپنی تقریر کے دوران مرکزی حکومت پر جم کر نشانہ سادھا تھا ۔ وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بی جے پی کو تشدد بھڑکانے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کے ہاتھ میں ساری پولیس اور انٹلی جنس تھی ، انہوں نے ایسا کیوں ہونے دیا ؟ ۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here