Friday, April 19, 2024
spot_img
HomeMuslim Worldپروفیسر نیر مسعود: کچھ یادیں، کچھ باتیں

پروفیسر نیر مسعود: کچھ یادیں، کچھ باتیں

प्ले स्टोर से डाउनलोड करे
 AVADHNAMA NEWS APPjoin us-9918956492—————–
अवधनामा के साथ आप भी रहे अपडेट हमे लाइक करे फेसबुक पर और फॉलो करे ट्विटर पर साथ ही हमारे वीडियो के लिए यूट्यूब पर हमारा चैनल avadhnama सब्स्क्राइब करना न भूले अपना सुझाव हमे नीचे कमेंट बॉक्स में दे सकते है|

پروفیسر آصفہ زمانی

اُردو و فارسی کے عظیم محقق و نقاد، پروفیسر نیر مسعود کا نام نامی، اسم گرامی کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ میری ان کی پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب میں اپنے پی ایچ ڈی فارسی کے مقالہ، طالب آملی کا دیوان غزلیات کو ایڈٹ کرنے کا کام کررہی تھی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں بہت ہی شفقت و مہربانی کا اظہار کیا اور طالب آملی کے متعلق کافی معلومات فراہم کیں۔
شعبۂ فارسی لکھنؤ یونیورسٹی میں بحیثیت لیکچرر تقرر ہونے کے بعد (صدر شعبہ ہونے تک) تقریباً بیس بائیس سال تک میرا اُن کا ساتھ رہا تب مجھے انہیں دیکھنے اور سمجھنے کے مواقع حاصل ہوئے۔ اس وقت قلم اٹھایا ہے تو یادوں کے دریچے وا ہوتے نظر آرہے ہیں۔ میں نے محسوس کیا کہ وہ ایک خاموش طبع، بااخلاق، بامروت، منکسر المزاج اور انتہائی لائق و فائق، قابل شخصیت کے مالک ہیں۔ نمود و نمائش کا ان میں دور دور تک پتہ نہ تھا، باتیں کیجئے تو ان کے جوہر کھلتے تھے۔ اتنے زیادہ نرم خو واقع ہوئے تھے کہ میں نے انہیں کسی بات پر بھی، کبھی غصہ کرتے نہیں دیکھا اس وقت مجھے ایک بار کا واقعہ یاد آرہا ہے، میں یونیورسٹی آئی تو شعبہ فارسی کو بند پایا۔ اس دن چپراسی دیر سے آیا تھا، ہمارا ڈپارٹمنٹ بند تھا۔ مجھے گیارہ بیس کا کلاس لینا تھا اس لئے میں جلدی آگئی تھی، پروفیسر نیر مسعود صاحب کا کلاس ڈیڑھ بجے تھا اس وقت وہ صدر شعبہ تھے۔ ایک چابی ان کے پاس تھی وہ جب تشریف لائے تو ڈپارٹمنٹ کھلا میں نے چپراسی کی شکایت کی کہ اسے تاکید کردیجئے وہ وقت پر ڈپارٹمنٹ کھول دیا کرے۔ میں نے سوچا ڈاکٹر صاحب یقیناآج اسے پھٹکار لگائیں گے، لیکن جب وہ سامنے آیا تو بہت نرمی سے آنکھیں جھکاکر (وہ عموماً آنکھیں جھکاکر ہی بات کرتے تھے) بولے، بھئی وقت سے ڈپارٹمنٹ کھول دیا کرو، ہمارے ٹیچرس کو پریشانی ہوجاتی ہے۔ ’’میں ان کا منھ دیکھتے رہ گئی، کوئی غصہ و گرمی نہیں، اسی طرح پرسکون، ایک بار میں نے ان سے دریافت بھی کیا: ’’ڈاکٹر صاحب! آپ کو غصہ نہیں آتا؟‘‘ تو حسب عادت ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ بولے: ’’آتا کیوں نہیں، البتہ غصہ کو برداشت کرنا بہت مشکل کام ہے‘‘۔
پروفیسر ولی الحق انصاری (مرحوم) ان سے پہلے صدر شعبہ رہے وہ اور پروفیسر انصاری باہم دوست نظر آتے تھے۔ جب بھی لائبریری وغیرہ وہ ان کے ساتھ جاتے ہمیشہ ان کا ہاتھ پکڑکر چلتے جیسے دو دوست چلے جارہے ہوں۔
نقد و تحقیق پر پروفیسر نیر مسعود صاحب کی گہری نگاہ تھی میں نے انہیں شعر کہتے کبھی نہیں سنا، البتہ استادوں کے اشعار پر اصلاح دیا کرتے۔ پروفیسر ملک زادہ منظور احمد جب بھی کوئی غزل کہتے تو میرے ڈپارٹمنٹ پروفیسر نیر صاحب کے پاس ضرور آتے اور کہتے ’’بھئی نیر دیکھو ایک غزل کہی ہے، سال میں ایک ہی تو غزل کہتا ہوں سنو اور اصلاح دو نیر صاحب بغور سنتے داد دیتے اور اگر اصلاح طلب ہو تو فوراً اصلاح بھی دیتے۔
پروفیسر نیر مسعود افسانہ نگار بھی تھے۔ ان کے افسانے یوں تو زبان و بیان کے لحاظ سے سادہ و سلیس تھے لیکن ان میں ایک طلسماتی فضا طاری رہتی جو قاری کا رشتہ افسانے سے آخیر تک جوڑے رکھتی۔
ڈاکٹر نیر مسعود صاحب کی جملہ خصوصیات میں سے ایک خصوصیت یہ بھی تھی کہ انہیں ہر موضوع پر مہارت حاصل تھی۔ ان سے کسی وقت بھی کوئی بھی سوال کیجئے فوراً تسلی بخش جواب دیتے تھے۔ میں نے انہیں کبھی یہ کہتے نہیں سنا کہ فلاں بات انہیں معلوم نہیں اس لئے میں انہیں ’’انسائیکلوپیڈیا‘‘ کہا کرتی۔
پروفیسر نیر مسعود، نہایت بااخلاق شخصیت کے حامل تھے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ اپنے ملنے والے کو خواہ چھوٹا ہو یا بڑا گھر کے باہر تک چھوڑنے اس کے ساتھ آتے۔ میں بھی جب کبھی گھر گئی تو لاکھ منع کرنے کے باوجود وہ باہر تک تشریف لائے۔
نیر مسعود صاحب کی ایک خصوصیت یہ تھی کہ ہمیشہ مصروف کار رہتے۔ ڈپارٹمنٹ میں جب کبھی وہ خالی بیٹھے ہوتے تو میں نے انہیں رف کاغذ کے بڑے خوبصورت کھلونے بناتے مصروف پایا۔
ایسی نیک خو، نیک عمل باکمال شخصیتیں جب ہم سے جدا ہوجاتی ہیں تو دل خون کے آنسو رو پڑتا ہے۔ اب یہی دعا ہے کہ اللہ انہیں اُس دنیا میں بھی رفعتیں عطا فرمائے۔ آمین
اس وقت مجھے بیکلؔ اتساہی کا یہ شعر بار بار یاد آرہا ہے کہ ؎
زندگی جھوٹ ہے سب حیلے بہانے کرلو
موت ایک سچ ہے کلیجے سے لگانا ہوگا
خخخ
سابق صدر شعبۂ فارسی، لکھنؤ یونیورسٹی

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img
- Advertisment -spot_img

Most Popular