عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قازغستان کے شہر الماٹی میں فوجی طیارہ این-26 لینڈنگ کے دوران حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فوجی طیارہ دارالحکومت نور سلطان سے الماٹی پہنچا تھا جہاں لینڈنگ کے وقت جہاز سے مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا اور رن وے کے بالکل آخر میں جہاز تباہ ہوگیا۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کہ گئی جب کہ حادثے کی وجہ کا بھی تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
روسی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ قازغستان کی سرحدی فوج کے زیر استعمال تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں طیارے سے دھواں اُٹھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔