لکھنؤ: لکھنؤ یونیورسٹی میں ابھی پیپر لیک معاملہ کی آنچ کم نہیں ہوئی تھی کہ قانون کے پرچے میں نصاب سے باہر کے سوال نے ہنگامہ مچادیا۔
ایل ایل بی انٹیگریٹیڈ پانچ سالہ ڈگری کورس کے پہلے سیمسٹر کے امتحان میں نصاب کے باہر سے سوال پوچھے گئے، امتحان کے بعد طلبانے زبردست ہنگامہ کیا اور اس سلسلہ میں لکھنؤ یونیورسٹی انتظامیہ سے شکایت بھی کی۔ جمعہ کو لکھنؤ یونیورسٹی میں ایل ایل بی انٹی گریٹیڈ (پانچ سالہ )پہلے سیمسٹر کا سوشیالوجی کا امتحان ہو رہا تھا۔
طلباکے مطابق پرچے میں نصاب سے باہر کا سوال پوچھا گیا تھا۔ یہ سوال دس نمبر کا تھاجس کی وجہ سے طلبا پریشان تھے۔ امتحان کے دوران اس سوال پر کئی طلبانے ناراضگی ظاہر کی لیکن انہیں خاموش کرا دیاگیا۔ طلبانے بتایا کہ سوال کاجواب نہیں آتا تھا اس لئے اندازہ سے جواب دیا گیا۔ وہیں کئی طلبانے بتایا کہ سوال چھوڑنا مناسب نہیں تھا اس لئے کسی طرح اس کا جواب دیا گیا۔
وہیں طلبانے پیپرماڈریشن کمیٹی پر لاپروائی کا الزام عائدکیااور دس نمبر دئے جانے کامطالبہ بھی کیا۔ نصاب سے باہر کا سوال دریافت کئے جانے پر انہوں نے لکھنؤ یونیورسٹی انتظامیہ سے شکایت بھی کی۔لکھنؤ یونیورسٹی لا ء ڈین پروفیسر سی پی سنگھ نے کہاکہ پیپر نصاب سے باہر آنے کی کوئی بھی اطلاع نہیں ملی۔
نہ ہی کوئی ہنگامہ ہوا تھا۔ پرچہ میں دریافت کئے گئے سوال صحیح کورس سے ہی آئے تھے۔ لکھنؤ یونیورسٹی ترجمان نے کہاکہ اس سلسلہ میں فیکلٹی کے ڈین اور امتحان کنٹرولر سے بات کی جائے گی۔ پیپر کی جانچ کر کے یونیورسٹی کے ضابطہ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
Also read