کشمیر: مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع

0
176

سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین برعکس وادی کشمیر کے میدانی علا قوں میں جہاں موسم خشک ہے وہیں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بھی بہتری واقع ہوئی ہے۔
متعلقہ محکمے کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 28 دسمبر کی شام تک کہیں کہیں موسم ناساز گار رہ سکتا ہے تایم بعد ازاں29 دسمبر سے 3 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
وادی کشمیر میں پیر کو چلہ کلان کے آٹھویں روز بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہا اور آفتاب بھی بیشتر اوقات نمودار رہا اور شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے سے لوگوں کو سردی کی شدت سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔
متعلقہ محکمہ کے مطابق گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ گذشتہ شب سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں رواں موسم کی سرد ترین رات 19 دسمبر کو سردیوں کے شہنشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلاں‘ کے آغاز سے تین روز قبل ہی درج ہوئی تھی جب رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککرناگ میں منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سردیوں کے لئے مشہور لداخ یونین ٹریٹری میں بھی شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔
یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 17.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا
ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here