ایوانکا ٹرمپ کی پرسنل سیکریٹری میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

0
113

واشنگٹن: امریکی حکام نے ایک ہفتے کے دوران وائٹ ہاؤس میں کورونا وائرس کے تیسرے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایوانکا ٹرمپ کی پرسنل سیکریٹری بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئی ہیں۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دیگر دو میں نائب صدر مائیک پینس کے پریس سیکریٹری کیٹی ملر اور وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے کپڑوں اور دیگر اشیا کا خیال رکھنے والے امریکی نیوی کے اہلکار شامل ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے امیگریشن کے مشیر اور تقریر لکھنے والے اسٹیفن ملر کی اہلیہ کیٹی ملر میں وائرس کا انکشاف ٹرمپ نے ریپبلکن قانون سازوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا تھا، ان خبروں کے ایک روز بعد ہی وائٹ ہاؤس میں دوسرا کیس سامنے آیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’کیٹی کافی عرصے سے بہتر تھیں مگر اچانک ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی‘۔

امریکی صدر نے نشاندہی کی کہ وہ کیٹی ملر کے ساتھ رابطے میں نہیں تھے اور انہوں نے نائب صدر کے ساتھ وقت گزارا تھا۔

امریکی صحت حکام کا کہنا تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر اپنا رہے ہیں تاہم امریکی میڈیا نے نشاندہی کی کہ ڈونلڈ ٹرمپ اب بھی ماسک نہیں پہن رہے ہیں۔

کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) اسٹیفن ہان کو بھی ان تینوں میں سے ایک کیس سے رابطے میں ہونے پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

اسٹیفن ہان کو ایسا کرنے کا مشورہ اس لیے دیا گیا کیوں کہ کیٹی ملر کی طرح وہ بھی وائٹ ہاؤس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن ہیں اور اکثر ان کے ساتھ کام کرتے تھے۔

ایسے ہی ایک اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ ایوانکا ٹرمپ کا معاون بھی ٹیلیفون پر کام کر رہا ہے اور اس نے کئی ہفتوں سے صدر کی بیٹی سے ملاقات نہیں کی۔

نیو یارک پوسٹ نے ان رپورٹس پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ ‘کورونا وائرس وائٹ ہاؤس کے بہت زیادہ قریب دائرے میں رہتا ہے‘۔

سی این این نے کہا کہ ‘خطرہ گھر کے اندر ہی ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ ممکنہ طور پر وائٹ ہاؤس کے رہائشی کوارٹرز میں مہلک وائرس پھیل گیا ہے‘۔

جمعہ کے روز نائب صدر مائیک پینس کا آئیووا کا دورہ تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوا۔

نائب صدر کے ساتھ سفر کرنے والے رپورٹرز کا کہنا تھا کہ متعدد عملے جنہوں نے بظاہر متاثرہ افراد کے ساتھ کام کیا تھا، ٹیک آف سے ٹھیک پہلے ایئر فورس ٹو سے الگ ہوگئے اور ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس پریس کے اراکین نے کہا کہ اب صدر ٹرمپ، مائیک پینس، ان کا عملہ اور صحافی جو ان کی بریفنگ میں شرکت کرتے ہیں یا ان کے ساتھ سفر کرتے ہیں، کا اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے روزانہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here