ہاشمی روحانی مرکز فائونڈیشن کی جانب سے ماہنامہ طلسماتی دنیا کے ’’مولانا حسن الہاشمیؒ نمبر‘‘ کا اجراء- Hashmi Spiritual Center Foundation Launches Monthly Talismanic World “Maulana Hassan Al-Hashimi Number”

0
687

Hashmi Spiritual Center Foundation Launches Monthly Talismanic World "Maulana Hassan Al-Hashimi Number"

 مولانا حسن الہاشمی پیکرِ خلوص اور بلند اخلاق کے مالک تھے: مولانا قاری ابوالحسن اعظمی

دیوبند: ماہنامہ طلسماتی دنیا دیوبند کی جانب سے محسن ملت استاذ العاملین مولانا حسن الہاشمیؒ نمبر کا اجراء عیدگاہ روڈ پر واقع ہاشمی روحانی مرکز فائونڈیشن ہال میں کیا گیا۔ جس کی صدارت کرتے ہوئے رکن رابطۂ عالم اسلامی مکہ مکرمہ و سابق شیخ القراء دارالعلوم دیوبند مولانا قاری ابوالحسن اعظمی نے کہا کہ مولانا حسن الہاشمی میں بہت سی خوبیاں تھیں اور کچھ اختصاصات تو ایسے تھے جو فی زمانہ کم نظر آتے ہیں مگر ان کی جس بات نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا وہ ان کا خلوص، محبت اور بلند اخلاقی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملی مسائل میں ان کی دلی دردمندی جھلکتی تھی اور مردم شناسی کا جوہر بھی ان میں خوب تھا، وہ پیکرِ خلوص اور بلند اخلاق کے مالک تھے۔ پروگرام کا آغاز قاری محمد مظاہر استاذ مدرسہ مدینۃ العلم کی تلاوت پاک سے ہوا اور حمد مفتی وقاص ہاشمی نے پیش کی۔ نظامت کے فرائض مولوی محمود صدیقی نے بخوبی انجام دئیے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے معروف ادیب و قلم کار سید وجاہت شاہ نے رسالہ طلسماتی دنیا کی معنویت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ امر لائق ستائش و تحسین ہے کہ مولانا حسن الہاشمی کے بیٹوں نے اپنے والد محترم کی حیات و خدمات کے تذکرے پر مشتمل خصوصی نمبر شائع کر تاریخی کام انجام دیا ہے ۔جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا حسن الہاشمی دارالعلوم دیوبند کے قدیم فاضل ، خاندانی وضع داری اور نسبتوں کے امین اور خدمت خلق کا جزبہ رکھنے والی شخصیت تھے ،وہ بہت ملنسار، خوش اخلاق ،دیانت دار اور حوصلہ مند شخص تھے ۔انکی پوری زندگی لوگوں کی بھلائی اور خیر خواہی میں گزری ہے،نرم لہجہ، شگفتہ اور شائستگی ،بلند اخلاق،ملنساری ، چھوٹوں پر شفقت اور کسی کی تکلیف کو دیکھ کر ـتڑپ اٹھنا ان کی زندگی کا خاصہ تھا۔دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ و نامور قلم کار مولانا نسیم اختر شاہ قیصر نے مولانا حسن الہاشمی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اُتار چڑھائو، نشیب و فراز، احوال کی تبدیلیاں، دقتیں اور ناموافق صورت مگر یہ بات مولانا مرحوم  کے یہاں خاص رہی کہ نہ تو انہوں نے حواس کھوئے اور نہ دامنِ امید کو چھوڑا، وہ نیک طینت اور نیک فطرت آدمی تھے۔ ان کے علاوہ مفتی محمد عارف قاسمی، مولانا فضیل احمدناصری، مولانا قاری محمد واصف قاسمی نے بھی مولانا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی علمی، ادبی، صحافتی اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالی اور مشترکہ طور پر کہا کہ مولانا حسن الہاشمی کی خدمات قابل قدر اور قابل ذکر ہیں۔ 274 صفحات پر مشتمل اس ضخیم شمارے میں مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم دارالعلوم دیوبند، مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند، مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی کے پیغامات کے علاوہ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر، مولانا قاری ابوالحسن اعظمی، ڈاکٹر عبید اقبال عاصم، اشرف عثمانی، نایاب حسن قاسمی، دانش عامری، حافظ عمیر الٰہی عثمانی، محمد یوسف عثمانی کراچی، سلمان صدیقی بھوپال، کشور سلطانہ کرتپور، نازیہ مریم ہاشمی، عبدالرحمن سیف عثمانی، حافظ نصر الٰہی، آسیہ یوسف، اطہر عثمانی، فرحین خورجہ، مولانا محمد شاہ قاسمی، غلام پنڈت کشمیر، محمد اکرام الحسن کشمیر وغیرہ کے مضامین و تاثرات شامل کئے گئے ہیں۔ شمارے میں مولانا حسن الہاشمی کے صاحبزادے مولانا مفتی وقاص ہاشمی، ربیع ہاشمی، عاطف ہاشمی نے بھی اپنے دلی جذبات تحریری شکل میں پیش کئے ہیں۔ شمارے میں مولانا کی چند مخصوص و مشہور تحریرات کوبھی شامل کیا گیا ہے۔ اس شمارے کے ایڈیٹر مفتی وقاص ہاشمی اور پوسٹنگ منیجر ابوسفیان عثمانی کی محنت قابل مبارکباد ہے۔ مکمل شمارہ مولانا حسن الہاشمی کی علمی، ادبی و سماجی خدمات کا ا حاطہ کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ خصوصی شمارے کی اجراء کی تقریب میں دیوبند کے ہر طبقے نے شرکت کی، جن میں مولانا محمد اظہار الحق قاسمی، قاری محمد عاصم، انور عثمانی، قاری عبداللہ فرید، قاری محمد زبیر، قاری عالم، سید محمد مشتاق، ڈاکٹر ادریس، راشد قیصر، ڈاکٹر سمیع فاروقی، محمد ندیم، محمد تسلیم، فراز عامری، حارث عثمانی، خلیل خاں، سید حارث، تاج عثمانی، عبدالقیوم، واصف حسن عثمانی، معین صدیقی، مشرف عثمانی، نوشاد عثمانی، سمیر چودھری،ندیم شمشی ،نسیم انصاری ایڈوکیٹ ،عمیر عثمانی ،ڈاکٹر نعمان ،ڈاکٹر احسان ،اکرم عثمانی، محمد سعود ، محمد ذاکر، راجبیر، کفیل الرحمن، محمد رفیع اور نبیل مسعودی بطور خاص موجود تھے۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here