سری نگر: وادی کشمیر میں منگل کو بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکے درجے کی برفباری ہوئی۔
اس تازہ برف باری کا سلسلہ منگل کی علی الصبح سے ہی شروع ہوا جو میدانی علاقوں میں بارہ بجے سے قبل ہی تھم گیا۔
یہ رواں چلہ کلان کی پہلی وادی گیر برف باری ہے اس قبل بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری ہوئی تھی لیکن میدانی علاقوں موسم خشک ہی رہا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 30 دسمبر سے موسم بہتر ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کا کہنا ہے کہ وادی میں 30 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
وادی کشمیر میں منگل کی صبح چلہ کلان کے نویں روز جب لوگ گھروں سے باہر نکلے تو میدانی و بالائی علاقوں میں جم کر برف باری ہورہی تھی۔ بالائی علاقوں میں اگر چہ برف باری کا سلسلہ منگل کی علی الصبح ہی شروع ہوا تھا تاہم سری نگر میں قریب سات بجے صبح سے برف باری شروع ہوئی۔
صبح کے دس بجنے تک پوری وادی، میدانوں، پارکوں، صحنوں، اشجار سے لے کر مکانوں کے چھتوں تک، نے سفید چادر اوڑھ لی تھی تاہم میدانی علاقوں میں بارہ بجنے سے قبل ہی برف باری کا سلسلہ تھم گیا۔
Also read