گونڈا ، 2 جون : اترپردیش میں گونڈا ضلع کے وزیر گنج پولیس اسٹیشن کے تحت ٹکڑی گاؤں میں تاخیر شب ہوئے دھماکہ میں ایک گھر کی چھت گرجانے سے ایک ہی کنبے کے سات افراد زندہ دفن ہوگئے۔ اس حادثہ میں دیگر سات افراد شدید طور پر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ سنتوش کمار مشرا نے بدھ کے روز یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ منگل کی تاخیر شب ٹکڑی گاؤں میں نورالحسن کے گھر میں اچانک دھماکہ ہوگیا۔اس خوفناک حادثے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ملبے کے نیچے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ایس پی نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس کی ٹیم نے ملبہ ہٹاکر متاثرہ افراد کو باہر نکالا جن میں سے سات کو مردہ قرار دے دیا گیا ہے جبکہ سات دیگر زخمی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو مرد ، دو خواتین اور تین بچے شامل ہیں۔ گاؤں والوں کی جانب سے رات کو ہی ڈائل 112 پر موصولہ اطلاع کی بنیاد پر انتظامیہ موقع پرپہنچ گئی۔ جے سی بی اور پوکلینڈ مشین سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔
دھماکے کی وجوہات جاننے کے لئے فورنسک ٹیم تعینات کردی گئی ہے۔ شدید زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ انتظامیہ اور پولیس اور دیہاتیوں کی مدد سے امدادی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ بادی النظر کہا جارہا ہے کہ ایل پی جی سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے مکان کی چھت گر گئی۔ فی الحال تفتیش جاری ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔