ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں آج صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7بجے شروع ہوئی ہے جو سہ پہر 3بجے تک جاری رہے گی۔
ووٹنگ شروع ہوتے ہی کابل، قندھار،ہیلمند اور ننگرہار میں دھماکے ہوئے اور راکٹ داغے گئے جبکہ نیمروز میں دو بم دھماکے ہوئے جبکہ قندھار میں پولنگ اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے میں 15 افراد زخمی ہوئے۔
ابھی تک کسی بھی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم طالبان نے افغان شہریوں سے کہا تھا کہ وہ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے گھروں سےباہر نہ نکلیں
افغان صدارتی الیکشن میں صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹو عبداللّٰہ عبداللّٰہ اور گلبدین حکمت یار سمیت 18امیدوار مدمقابل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 96 لاکھ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، ملک بھر میں 5ہزار 373 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 445 پولنگ اسٹیشنز سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے بند رہیں گے۔
ووٹنگ ختم ہونے کے بعد انتخابات کے حتمی نتائج نہیں صرف ووٹرز کی تعداد بتائی جائے گی، انتخابی عمل کی حفاظت کے لیے ایک لاکھ سے زائد سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
افغانستان کے صدارتی انتخابات کے موقع پر پاکستان کی حکومت نے طور خم اور چمن کی سرحدی گزرگاہوں کو دو دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Also read