امریکا، آسٹریلیا، تھائی لینڈ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق

0
95

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکیوں کو کورونا وائرس سے نہ ڈرنے کی تجویز دینے کے ساتھ ہی امریکا میں اس وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی جبکہ ایران میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 54 ہوگئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صحت حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں ہلاک ہونے والے شخص کا کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں سے کوئی تعلق نہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ وائرس کمیونٹیز میں پھیل رہا ہے۔

امریکی ریاست واشنگٹن کے سب سے گنجان آباد علاقے کنگ کاؤنٹی میں ہونے والی ہلاکت سامنے آئی۔

مقامی صحت حکام کا کہنا تھا کہ ‘متاثرہ مریض 50 سال سے زائد عمر کا تھا اور اس کی صحت پہلے ہی سے ٹھیک نہیں تھی’۔

آسٹریلیا میں پہلی ہلاکت
دوسری جانب آسٹریلیا کے مغربی شہر پرتھ کے ایک ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریض کی ہلاکت سامنے آئی۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مغربی آسٹریلیا کے چیف ہیلتھ افسر اینڈریو رابرٹ سن کا کہنا تھا کہ 78 سالہ شخص کو جاپان کے ڈائمنڈ پرنس بحری جہاز سے دیگر 150 آسٹریلوی شہریوں سمیت لا کر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

حکام کے مطابق مذکورہ شخص کی اہلیہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں تاہم ان کی حالت بہتر ہورہی ہے۔

گزشتہ روز آسٹریلیا نے ایران میں پھیلتے ہوئے وائرس کے پیش نظر وہاں سے آنے والے تمام غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔

ایران سے امریکا سفر کرنے پر مکمل پابندی
علاوہ ازیں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث امریکی صدر اور دیگر حکام نے اعلان کرتے ہوئے ایران سے سفر کرنے والے افراد پر مکمل پابندی عائد کردی اور امریکیوں کو اٹلی اور جنوبی کوریا جیسے کورونا وائرس سے بری طرح متاثر علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی سفری تجاویز جاری کیں۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے نائب صدر مائیک پنس کا کہنا تھا کہ ایران پر سفری پابندی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے گزشتہ 14 روز میں ایران کا دورہ کرنے والے کسی بھی غیر ملکی شہری کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ایران کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے اور اس کے لیے صرف انہیں ہم سے مدد طلب کرنی پڑے گی۔

ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 54 ہوگئی
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت صحت نے کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 54 تک پہنچنے کی تصدیق کی اور کہا کہ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 978 ہوگئی ہے۔

وزیرصحت سعید نماکی کا کہنا تھا کہ ماہرین کی 3 لاکھ خصوصی ٹیمیں کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی نگرانی کریں گی۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے حوالے سے قومی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت 3 لاکھ میڈیکل کام کریں گی۔

ایرانی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اب تک 175 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور مزید متاثرین بھی وائرس سے نجات حاصل کر رہے ہیں۔

تھائی لینڈ میں وائرس سے پہلی ہلاکت
تھائی لینڈ میں بھی کورونا وائرس سے 35 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے شخص کو پہلے ہی ڈینگی بخار تھا۔

جرمنی میں کوروناوائرس سے متاثرہ کیسز میں اضافہ

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جرمنی میں کورونا وائرس سےمتاثرہ افراد کی تعداد 117 ہوگئی ہے۔

جرمنی کے رابرٹ کوچ انسٹیٹیوٹ کے اعداد وشمار کے مطابق متاثرین کی تعداد محض ایک روز میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے جو ایک روز قبل 66 تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نصف سے زائد کیسز جرمنی کی گنجان ترین ریاست شمالی رائن ویسٹ فالیا میں ہے جہاں متعدد افراد ایک میلے میضں شرکت کے دوران متاثر ہوئے۔

کورونا وائرس اب جرمنی کی 16 میں سے 9 ریاستوں تک پھیل چکا ہے جن میں مشہور شہر فرینکفرٹ، ہیمبرگ اور بریمن بھی شامل ہیں جہاں کرونا وائرس کے پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔

چین میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا۔

چین میں ایک ہفتے تک وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد دوبارہ 573 نئے کیسز سامنے آئے۔

چین کے علاوہ جنوبی کوریا میں بھی یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 376 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 3 ہزار 526 ہوگئی۔

عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 2900 ہوگئی
اے پی کی رپورٹ کے مطابق چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے عالمی سطح پر اب تک 86 ہزار افراد متاثر اور 2 ہزار 900 سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق چین میں اس وائرس سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 870 ہے جبکہ مجموعی طو پر 79 ہزار 824 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

ہانگ کانگ میں 94 کیسز اور 2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

مکاؤ میں 10 کیسز سامنے آئے۔

جنوبی کوریا میں 3 ہزار 526 کیسز اور 17 ہلاکتیں ہوئی۔

اٹلی میں ایک ہزار ایک سو 28 کیسز اور 29 ہلاکتیں ہوئیں۔

جاپان میں 9 سو47 کیسز سامنے آئے جن میں سے 7 سو 5 ڈائمنڈ پرنسس بحری جہاز سے سامنے آئے جبکہ 12 افراد ہلاک ہوئے۔

ایران میں 978کیسز سامنے آئے اور 54 ہلاکتیں ہوئیں۔

سنگاپور میں 102 کیسز سامنے آئے۔

فرانس میں ایک سو کیسز اور 2 ہلاکتیں ہوئیں۔

جرمنی میں 66 کیسز سامنے آئے۔

متحدہ عرب امارات میں 19 کیسز سامنے آئے۔

اس کے علاوہ ویتنام میں 16 کیسز، ناروے میں 15، عراق میں 13، سویڈن میں 13، سوئٹزرلینڈ میں 10، لبنان میں 7، نیدرلینڈز میں 7، کروشیا اور اومان میں 6، 6، آسٹریا، اسرائیل اور روس میں 5، 5، یونان اور پاکستان میں 4، 4، فن لینڈ اور بھارت میں 3، 3 کیسز، فلپائن میں 3 کیسز اور ایک ہلاکت، رومانیہ میں 3، برازیل، ڈنمارک اور جارجیا میں 2، 2 کیسز سامنے آئے۔

الجزائر، افغانستان، آرمینیا، آذربائیجان، بیلاروس، بیلجیئم، کمبوڈیا، ایکواڈور، مصر، استونیا، آئس لینڈ، آئر لینڈ، لیتھونیا، موناکو، نیپال، نیوزی لینڈ، نائیجیریا، شمالی مقدونیہ، قطر، سین مارٹینو، سری لنکا میں کورونا وائرس کے ایک ایک کیسز سامنے آئے۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here