روم، 28 اپریل ؛عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) سے بری طرح متاثر اٹلی میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار کا ہندسہ پار کرکے 26977 ہو گئی ہے جبکہ اس سے متاثرافراد کی تعداد 199414 تک پہنچ گئی ہے۔ پوری دنیا میں کورونا وائرس سے امریکہ کے بعد سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہی ہوئی ہے۔
اٹلی کے شہری سیکورٹی محکمہ کے سربراہ ینجیلو بوریلی نے پیر کو ٹیلی ویژن پر ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے 333 افراد کی موت ہوئی ہے۔
مسٹر بوریلی کے مطابق پیر کو اٹلی میں کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے اب تک کل متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 199414 ہو گئی ہے۔ ان متاثرین میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کی اس وبا سے موت ہو چکی ہے یا جو بالکل ٹھیک ہو چکے ہیں۔
اٹلی میں اب تک کورونا وائرس کے 64928 مریض بالکل ٹھیک ہو چکے ہیں اور انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے. اس وبا کو روکنے کے لئے ملک میں 10 مارچ سے لاگو ملک گیر لاک ڈاؤن کو تین مئی تک کے لئے بڑھا دیا گیا ہے لیکن اس دوران کچھ ضروری اشیاء کی دکانوں کو کھولنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔
قابل غور ہے کہ اٹلی میں 21 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا ۔خیال رہے اٹلی کا لومبارڈی صوبہ اس وبا سے سب سے زیادہ شدید متاثر ہے. اٹلی چار مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔