ایران، کورونا مخالف مہم کے امید افزا نتایج، ساڑھے سات ہزار سے زائد صحتیاب ہوئے

0
81

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کورونا وائرس کے خلاف مہم کی قومی کمیٹی کی سفارشات اور ہدایات پر عوام کی توجہ ان پر عمل درآمد کی قدردانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف مہم کے تعلق سے ملک کے گوشہ و کنار سے ملنے والی رپورٹیں امید افزا ہیں۔

ہفتے کو صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی صدارت میں کورونا وائرس کے خلاف ملک گیر مہم کی قومی کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ اس اجلاس میں حکومت اور عدلیہ کے اعلی رتبہ عہدیداروں کے ساتھ ہی مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔
صدر روحانی نے اجلاس میں کہا کہ امریکا کی ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کی وجہ سے کورونا وائرس کے خلاف مہم میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود عوام ہم دلی اور خلوص کے ساتھ سرکاری اداروں سے تعاون کر رہے ہیں۔
انھوں نے ایران کے اندر لوگوں کی مسافرت میں ستر فیصد کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہت کم ملک ایسے ملیں گے جہاں عوام اس طرح محکمہ صحت کے عہدیداروں کی سفارشات اور ہدایات پر عمل اور ان کے ساتھ اس حد تک تعاون کرتے ہوں ۔
صدر مملکت نے اس میٹنگ میں ہدایت دی کہ ایران میں کورونا وائرس میں مبتلا غیر ملکیوں پر بھی بھرپور توجہ دی جائے اور ان کے معالجے میں کوئی کمی نہ کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ، ہندوستان، پاکستان اور افغانستان سمیت دوسرے ملکوں سے زیارت یا سیاحت یا کسی اور مقصد کے لئے ایران آنے والے مسافرین میں اگر کوئی کورونا وائرس میں مبتلا ملے تو پہلے اس کا علاج کرایا جائے اور صحتیاب ہونے کے بعد اس کو اس کے ملک واپس لوٹایا جائے ۔

دوسری طرف ایران کی وزارت صحت نے سنیچر کو دوپہر بعد اعلان کیا ہے کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے ، سات ہزار چھے سو پینتس افراد مکمل طور پر صحتیاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے ڈسچارج کئے جا چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کے محکمہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر کیانوش جہانپور نے سنیچر کی شام صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ایران میں کورونا وائرس میں مزید نو سو چھیاسٹھ افراد کے مبتلا ہونے کے بعد کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی مجموعی تعداد بیس ہزار چھے سو دس ہوگئی ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک سو تیئس افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار پانچ سو چھپن ہوگئی لیکن اس دوران آٹھ سو نوے افراد صحتیاب ہوئے جس کے بعد اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد سات ہزار چھے سو پینتس ہوگئی۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور اس میں مبتلا افراد کے علاج کے ساتھ ہی ، مسلح افواج کے تعاون سے کورونا وائرس میں مبتلا افراد اور ان سے رابطے میں رہنے والوں کا پتہ لگانے اور انہیں قرنطینہ میں رکھنے جیسے اقدامات بھی جنگی پیمانے پر انجام دیئے جا رہے ہیں ۔

ایران کے محکمہ صحت کے شعبہ رابطہ عامہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے خلاف مہم کے تحت، تین کروڑ سے زائد لوگوں کی جانچ مکمل ہوچکی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کے خلاف مہم کے تحت ملک کی چالیس فیصد آبادی کی جانچ ہو چکی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ شروع میں کورونا وائرس کے شبہے میں اسپتالوں میں آنے والوں کا بہت زیاد ہجوم تھا اور اسپتالوں میں بیڈ خالی نہیں تھے، لیکن ان اقدامات کی وجہ سے اسپتال آنے والوں کا رش کم ہوگیا ہے اور اب تقریبا ہر اسپتال میں اوسطاً تیس فیصد تک بیڈ خالی ہیں ۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here