[email protected]
9807694588(موسی رضا)
اپنے مضمون كی اشاعت كے لئے مندرجه بالا ای میل اور واٹس ایپ نمبر پر تحریر ارسال كر سكتے هیں۔
خواجہ کوثر حيات
پروفیسر محمد یعقوب خان نے کشمیر یونیورسٹی سے سائنس سے گریجویشن، انگریزی لٹریچر میں ایم۔اے اور ایجوکیشن کے مضمون میں ایم فل کے بعد قانون کی ڈگری لی۔
پروفیسر یعقوب صاحب بنیادی طور پر ایک اچھے معلم ، رہبر ثابت ہوے ہیں ان کی زندگی کا بیشتر حصہ بچوں کی تعلیمی ترقی کے لئے کوششوں میں صرف ہوا ۔ انھوں نے پرائمری سے لیکر گریجویشن کی سطح تک انگریزی مضمون کیلئے رہنما کتب کی تصنیف کی اور کئی معتبر ناشرین کے اداروں کیلئے مقابلہ جاتی امتحانات کیلئے رہنما کتب تحریر کیں۔ اردو میڈیم طلباء کیلئے انگریزی گرائمر کو آسانی سے سمجھنے کیلئے اردو۔ انگریزی گرامر تصنیف کیا۔
تعلیم کے تئیں آپ کی ان گرانقدر خدمات کے اعتراف میں آپ کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔ آپ زبان انگریزی میں کام کرتے رہے مگر جب آپ کے دوست اور معروف ادیب اطفال جناب سراج عظیم صاحب جو ہمیشہ نسل نو کی تربیت وتعلیم کے لیے فکر انگیزی رکھتے ہے اور اپنے زرین مشوروں اور رہبری سے ادب اطفال کی تخلیقات کے لئے بچپن واٹس ایپ گروپ کے ذریعے کئ ملکوں کے ادباء کو ایک پلیٹ فارم پر جوڑ رکھا ہے نے جب پروفیسر یعقوب صاحب کی توجہ اس جانب مبذول کروائی کہ ” آپ بچوں کے لئے تیار کیےگئےمعلوماتی مواد کو اردو میں تیار کریں تاکہ اردو ذریعہ تعلیم سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبا بھی ان سائنسی معلومات سے مستفید ہوسکیں ” ۔ جناب سراج عظیم صاحب کے مشورہ پر آپ نے اپنی تمام توجہ و رخ اردو کی جانب کردیا اور اس طرح آپ کے لکھے بچوں کیلئے تین سلسلہ وار مضامین کے سلسلے جن میں تاریخ اندلس سیریز،سائنس سیریز کے تحت، کائنات کی کہانی اور مسلمان سائنسدان سیریز بچوں کے کئی رسائل اور جرائد میں باقاعدگی کے ساتھ شائع ہو رہے ہیں۔
پروفیسر یعقوب صاحب کی علم دوستی کی سب سے خوبصورت کاوش کائنات ہے جس میں انھوں نے چھوٹے چھوٹے زمروں میں کائنات سے جڑے بہت ہی اہم اور تفصیلی معلومات کو دلچسپ انداز میں قلمبند کرکے نسل نو کے سائنسی رحجان کو پروان چڑھانے اور ان کی جبلتوں کو تشفی بخشنے کے لیے کتابی شکل دے کرایک دستاویزی کام کیا ہے۔
کائنات اللہ تعالیٰ کی قدرت اور حکمتوں کے لازوال تخلیقات کا نایاب شاہکار ہے جس کے رموز کا ادراک حضرت انسان کے لیے بہت مشکل ہے جوں جوں وہ معلومات حاصل کرتا ہے مزید نئی معلومات میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔ یہ رب کائنات کی صناعی کا بحر بے کراں ہے۔
خالق کائنات کے اسرار میں کائنات جس میں کروڑوں کہکشاں اور ان کروڑوں کہکشاؤں میں ہمارا نظام شمسی ایک، شاید ہم اس ایک کہکشاں کو ہی سمجھ لیں، اس کے اسرار کو جان لیں تو بہت ہے۔قرآن زندگی کے ہر شعبہ میں راہ نُمائی فراہم کرتا ہے۔
سورہ آل عمران میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ
بلاشبہ آسمانوں اور زمین کی پیدائش اور رات و دن کی گردش میں عقل والوں کے لیے بڑی نشانیاں ہیں۔
آیت نمبر(981)
تمام علم جو قرآن 1400 سال پہلے دے چکا ہے۔ بار بار غوروفکر کی دعوت دیتا ہے۔ بچے کا ذہن کمسنی سے ہی تجسس کے باعث کیوں؟ کیا؟ کیسے؟کے گرد گھومتا رہتا ہے۔ اسے نظروں کے سامنے درخت، پھول پودے بھی تجسس میں ڈالتے ہیں وہیں سمندر کی دنیا اور آسمان کی کہکشاں بھی اسے دعوت فکر دیتی ہے۔ چونکہ پروفیسر یعقوب صاحب بچوں کی نفسیات کے مطابق اور وقت کے مسابقتی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہیں اس لیے سائنس سے بچوں کو قریب رکھنے اور ان کا سائنسی نقطہ نظر وسیع کرنے کے لئے آپ مختلف موضوعات کا انتخاب کرکے اس کی مکمل معلومات عام و دلچسپ پیرائے میں اس طرح قلمبند کرتے ہیں کہ بچے بہ آسان اس مواد سے مستفید ہوسکیں۔
ساتھ ہی ساتھ پروفیسر یعقوب صاحب دی جارہی معلومات کے لئے رائج انگریزی الفاظ (اصطلاحات) کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ کائنات پر اتنی گہری معلومات ان کے عمیق مشاہدے کی غماز ہے۔ جس کا تسلسل بچے کو اس طرح باندھ کر رکھتا ہے کہ وہ اگلا حصہ پڑھنے کے لئے متجسس رہتا ہے۔
کائنات کے مضامین کے کچھ اہم موضوعات پر نظر ڈالتے ہیں جیسے پروفیسر یعقوب صاحب نے ستاروں کے گچھوں یعنی Nebulae اور جھنڈوں یعنی Clusters کے بارے میں جانکاری فراہم کی جس میں بتایا گیا کہ یہ کیسے وجود میں آتے ہیں اور انکی بناوٹ کیسی ہوتی ہے۔
اسکے بعد جنوبی آسمان کے ستاروں کے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی دو عظیم Megallantic Clouds کہکشاؤں کا زکر ہے۔ اسکے علاؤہ ستاروں کے جھرمٹ یعنی Constellations کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔
اسی طرح موضوع میں دلچسپی برقرار رکھتے ہوئے ستاروں کی قسموں کے متعلق معلومات دی گئی ہیں۔ اس میں ننھے ستاروں کا ذکر اور ستاروں کے اندر پائی جانے والی مختلف گیسوں کی بات اور بونے ستارے اور کالے ستارے بھی زیر بحث ہیں۔
ستاروں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے نیوٹرون ستارے اور سیاہ روشن یعنی Black holes زیر بحث ہیں۔ اسکے علاوہ Pulsar ستاروں کے بارے میں معلومات بہم پہنچائی گئی ہیں۔
آگے چل کر نظام شمسی کے سیارہ سورج کے بارے میں تفصیلی بیان ہے۔ توانائی، تابکاری اور عمل حرارت کی معلومات اور Sunspot اور مقناطیسی حدود اور Prominencies کا بھی ذکر ہے۔ Corona اور شمسی طوفان بھی اس میں زیر بحث ہے جو یقيناً بچوں کے ذہنوں کو نئی سمت دینگے۔
نظام شمسی کاذکر آگے بڑھاتے ہوئے دلچسپ اور نئی معلومات کا بیان ہے جس میں نظام شمسی کے دوسرے نمبر کے سیارے عطارد یعنی Mercury اور تیسرے نمبر کے سیارے زہرہ یعنی Venus کے بارے میں تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ Caloris basin, Aphrodite terra, اور Ishtar terra کا بھی ذکر کیا گیا۔
یہاں میں اپنے قلم کو کائنات کی دلچسپ معلومات کے سحر سے آزاد نہیں کرپارہی ہوں مگر آپ کے تجسس و جبلتوں کے لیے اتنی معلومات زادراہ کے طور پر کافی ہیں کیونکہ لطف اندوزی اور علم میں صحیح معنوں میں اضافہ تو تب ہوگا جب آپ جناب پروفیسر یعقوب صاحب کی عرق ریزی سے آپ کے لئے تیار کی گئی کتاب کائنات کی کہانی کا دلجمعی سے مطالعہ کریں گے۔
ترقی و جدید تقاضوں نے تعلیم کا دائرہ اس قدر وسیع کردیا ہے کہ آج ہر شعبہ جات میں اتنی اسٹریمس ہوگئی ہیں کہ طالب علم اپنی دلچسپی ورغبت کے لحاظ سے تعلیم اسی فیلڈ میں جاری رکھ سکتا ہے ساتھ اسی دلچسپی کو آگے بڑھاتے ہوئے اسے روزگار کے لیے بھی اختیار کر سکتا ہے۔
مجھے کامل یقین ہے کہ کائنات کی کہانی کے مطالعہ کے بعد آپ اپنے مستقبل کے لیے بچے ضرور آسمان کی طرف نہ صرف دیکھیں گے بلکہ اس علم کو اور زیادہ حاصل کرکے کائنات کے اسرار و رموز سے نہ صرف واقف ہوں گے بلکہ اس میں نئے تحقیقی نکات سے مزید روشنی ڈالیں گے۔
میں دعاگو ہوں کے پروفیسر یعقوب صاحب کی بہترین کاوش کائنات کی کہانی ہر بچے کے ہاتھوں میں پہنچے۔ یقیناً کائنات کی کہانی آپ تمام بچوں کے علم میں اضافہ کا باعث بنے گی ۔
[email protected]
اورنگ آباد (دکن)
٭٭٭٭٭٭