نصرت فتح علی خان کا مشہور گانا بولی وڈ نے ایک بار پھر برباد کردیا

0
222

شہنشاہ قوال استاد نصرت فتح علی خان کا مقبول گانا “کِنّا سوہنا تینوں رب نے بنایا” بھونڈے انداز میں ری میک کرکے ایک بار پھر برباد کرنے پر مداح بولی وڈ پر ہی آگ بگولہ ہوگئے ہیں۔

بولی وڈ میں پاکستان کے مشہور گانے چُرا کر انہیں اپنے انداز میں ری میک کرنے کی روایت بہت پرانی ہے۔ بولی وڈ فلمسازشائقین کی توجہ اپنی فلموں کی جانب مبذول کرانے کے لیے بغیر اجازت پاکستانی گانے چراتے اور انہیں نہایت ہی بھونڈے انداز میں ری میک کرکے اپنی فلموں میں شامل کرتے ہیں اور یہ سلسلہ برسوں سے جاری ہے۔

حال ہی میں بولی وڈ فلم “مرجاواں” میں نصرت فتح علی خان کی مقبول ترین قوالی “کنا سوہنا تینوں رب نے بنایا” کا ری میک شامل کیا گیا ہے۔

دلچسپ بات تویہ ہے کہ اس قوالی کا بولی وڈ میں یہ تیسرا ری میک بنایا گیا ہے اور تیسری بار بھی اتنے بُرے اندازمیں بنایا گیا ہے کہ پاکستانی تو کیا خود بھارتی میڈیا بولی وڈ فلمسازوں پر بھڑک اٹھا اور اتنی خوبصورت قوالی کو برباد کرنے پر بولی وڈ فلمسازوں کو کھری کھری سنادیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس بار یہ گانا بولی وڈ سنگر جوبین نوتیال اوردھوانی بھانوشالی نے گایا ہے جب کہ گانے کی اضافی شاعری کمار نے لکھی ہے اور اسے میٹ بروس نے کمپوز کیا ہے۔

اس مشہور گانے کو پہلی بار 1996 میں فلم “راجا ہندوستانی’ میں ری میک کرکے شامل کیا گیا تھا اور اس کی شاعری میں تبدیلی کرکے بول “کتنا پیارا تجھے رب نے بنایا” کیے گئے تھے۔ یہ گانا عامرخان اور کرشمہ کپور پر عکس بند کیا گیا تھا۔

دوسری بار اس قوالی کا ری میک 2016 میں ریلیز ہوئی فلم “او کے جانو” میں کیا گیا تھا جس میں آدیتیہ رائے کپور اورشردھا کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ تاہم یہ بہت ہی بھونڈا ری میک تھا۔

تیسری بار اسے فلم “مرجاواں” کے لیے ری میک کیا گیا ہے جس میں اداکار سدھارتھ ملہوترا اور تارا سوتاریا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، فلم 15 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس فلم “پھنے خان” میں بھی استاد نصرت فتح علی خان کی مقبول قوالی”ہلکا ہلکا سرور” کا ری میک شامل کیا گیا تھا جسے ایشوریا رائے پر عکس بند کیا گیا تھا۔ تاہم ہر بار کی طرح اس قوالی کو بھی برباد کردیا گیا تھا جس پر پاکستانی شائقین اورنصرت فتح علی خان کے مداحوں نے بولی وڈ فلمسازوں پر شدید تنقید کی تھی۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here