دو سال قبل نیوزی لینڈ میں سفید فام بالادستی کے ماننے والے ایک انتہا پسند عیسائی نے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر دہشتگردانہ حملہ کیا تھا جس میں 51 مسلمان شہید ہوگئے تھے تاہم ان مساجد پر دوبارہ حملے کی آن لائن دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ساؤتھ آئلینڈ شہر میں پولیس نے مساجد پر حملے کی دھمکی دینے والے افراد کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملے کا منصوبہ 15 مارچ کو بنایا گیا تھا کیونکہ یہ تاریخ کرائسٹ چرچ سانحہ کی برسی کی تاریخ ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ابھی کوئی الزام ثابت نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی مزید تفصیلات جاری کی جاسکتی ہیں۔ ہم اس نوعیت کے تمام خطرات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ہم اپنی مسلم کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔