کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ میں واضح کمی نہ ہونے کی وجہ سے جہاں چند ممالک نے لاک ڈاؤن میں اضافہ کرنے سمیت اسے مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے، وہیں کچھ ممالک نے اس میں نرمی کرنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔
کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں اضافہ کرنے والے ممالک میں پاکستان، بھارت اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک شامل ہیں، تاہم اس میں نرمی کا فیصلہ کرنے والے ممالک میں وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اسپین بھی شامل ہے۔
جی ہاں، اسپین کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 13 اپریل سے ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کردی جائے گی جب کہ اس سے قبل ایران جیسے ملک نے بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے میں جلدی نہ کرنے کی ہدایات کے باوجود اسپین نے 13 اپریل سے کچھ نرمیوں کا اعلان کردیا۔
عالمی ادارہ صحت نے اسپین کے اعلان سے قبل ہی دنیا کے تمام ممالک کو ہدایات کی تھیں کہ وہ اس وقت لاک ڈاؤن کو ختم کرنے میں جلد بازی نہ کریں، کیوں کہ پابندیوں کو ختم کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
تاہم اس باوجود اسپین نے 13 اپریل کو لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کچھ کاروباروں کو کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ نرمی کا مطلب یہ نہیں کہ لاک ڈاؤن کو ختم کیا جا رہا ہے۔
لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہدایت نامے میں کاروباری اداروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے کم سے کم لوگوں کے ساتھ کاروبار شروع کردیں۔؎
حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کنسٹرکشن اور مینیوفیکچرنگ کرنے والی کمپنیوں کو بھی کام کی اجازت دی ہے اور انہیں ہدایات کی ہیں کہ وہ نہ صرف کم سے کم افراد کے ساتھ کام شروع کریں بلکہ وہ کام والے افراد کو حفاظتی لباس و آلات بھی فراہم کریں۔