سری نگر، 15 مارچ: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دہلی کی حکومت کے اختیارات کو کم کرنے کی مبینہ اطلاعات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی ایک مکمل سٹیٹ کی مستحق ہے
انہوں نے نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا: ‘عآپ نے 2019 میں جموں و کشمیر کی تحلیل اور ڈائون گریڈنگ کی حمایت کی تھی لیکن اس کے باوجود ہم دہلی کی عوامی منتخب حکومت کے اختیارات پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ دہلی ایک مکمل سٹیٹ، جس میں عوامی منتخب حکومت کے پاس تمام اختیارات ہوں نہ کہ ایک نامزد لیفٹیننٹ گورنر کے پاس، کی مستحق ہے’۔
کیجریوال کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا: ‘دہلی کے لوگوں کی جانب سے مسترد کئے جانے کے بعد بی جے پی نے عوامی منتخب حکومت کے اختیارات کم کرنے کی کوششیں شروع کی ہیں۔ اختیارات کم کرنے کے لئے لوک سبھا میں ایک بل کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ یہ بل قانونی بینچ کے فیصلے کے برعکس ہے۔ ہم بی جے پی کے غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدام کی سخت مذمت کرتے ہیں’۔