اردو جریدہ ’’تمثیل نو ‘‘دربھنگہ : ایک مختصر جائزہ – Urdu Magazine “Tamsheel No” Darbhanga: A Brief Review

0
103

 

Urdu Magazine "Tamsheel No" Darbhanga: A Brief Review

تبسم فاطمہ (دہلی)
اردو ادبی جریدہ ’’تمثیلِ نو‘‘ دربھنگہ کا تازہ شمارہ (جولائی 2019ء تا دسمبر 2020ء )پیش نظر ہے۔ اس شمارے میں مشرف عالم ذوقی، اشرف گل اور کتاب ’’چٹھی آئی ہے‘‘ پر خصوصی گوشہ شامل ہے ۔ ڈاکٹر امام اعظم کو میں اس وقت سے جانتی ہوں ، جب لکھنا پڑھنا زندگی میں شامل ہو گیا ۔ ان کے مضامین اخبار و جرائد میں شایع ہوتے رہتے تھے ۔
اردو میں ایسے کم رسائل ہیں جو پابندیِ وقت کے ساتھ شائع ہوتے ہیں ۔ کورونا نے ملک کے ساتھ عوام کو بھی نیم غنودگی کی کیفیت میں مبتلا کر دیا۔ کورونا اب بھی ہے لیکن موت کا خوف دلوں سے باہر نکل چکا ہے۔ دیدبان ، رہروان ادب ،تخلیقات ، دربھنگہ ٹائمز ، جہان اردو ، استفسار ،اثبات ، تمثیل نو ایسے ادبی رسائل ہیں ، معیاری ادب پڑھنے والوں کو جن کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ بہت جلد میں ، ان رسائل پر بھی تبصرہ پیش کروں گی ۔یہ شمارہ تاخیر سے ضرور شایع ہوا لیکن یہ شمارہ کسی خاص نمبر سے کم نہیں۔ ’’چٹھی آئی ہے‘‘ ڈاکٹر امام اعظم کے نام مشاہیر کے خطوط کا مجموعہ ہے جسے نوجوان ادیب شاہد اقبال (کولکاتا) نے ترتیب دیا ہے۔ بات چٹھی کی ہو تو غالب کے خطوط یاد آ جاتے ہیں ۔ خطوط ، محض رسمی خطوط نہیں ہوتے ، ان میں وقت کے سود و زیاں کا حساب تلاش کیا جا سکتا ہے ۔ میں خطوط دلچسپی سے پڑھتی ہوں اس لئے یہ گوشہ بھی میری پسند کا گوشہ ثابت ہوا ۔گوشہ میں پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی ، پروفیسر مجید بیدار ، ڈاکٹر ایم صلاح الدین، ڈاکٹر ابرار احمد اجراوی کے مضامین شامل کیے گئے ہیں ۔ تاثرات میں بھی مکتوبی ادب کا جائزہ مل جاتا ہے ۔ مکتوبی ادب کی اپنی اہمیت ہے۔ ادب سے وابستہ مکتوب کبھی پرانے نہیں ہوتے۔ ایک گوشہ مشرف عالم ذوقی پر ہے ۔ ابھی حال میں ان کا ایک ناول منظر عام پر آیا ہے۔ گوشہ میں پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی ، مسعود بیگ تشنہ ، ڈ اکٹر ایم صلاح الدین ، کامران شہزاد ، امام اعظم صاحب کے دو مضامین شامل ہیں۔ پروفیسر ہرگانوی زیادہ لکھنے کے لئے مشہور ہیں ۔ میری سمجھ میں یہ بات آج تک نہیں آئی کہ زیادہ لکھنا جرم کیوں ہے ؟ پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی ، پروفیسر ہرگانوی اور باقی لکھنے والوں نے ذوقی صاحب کے ساتھ پورا انصاف کیا ہے۔ تیسرا گوشہ اشرف گل کے نام ہے ۔ اس میں پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی،امام اعظم صاحب، ڈاکٹر مجیر احمد آزاد کے مضامین شامل ہیں . چار سو چوسٹھ صفحات پر مشتمل یہ شمارہ ہر لحاظ سے متاثر کرتا ہے ۔’’تمثیل نو‘‘ ایک پیغام بھی ہے اور اس پیغام کو آپ تک پہچانا ضروری ہے ۔ ایک نسل بزرگ ہو چکی ہے ۔ نئی نسل آ رہی ہے ۔ اب نئی نسل کو سامنے لانے کی ضرورت ہے ۔ ہندوستان سے پاکستان تک ادب ،حد بندیوں کا شکار ہے ۔ہندوستان میں بھی کچھ رسائل نئے لوگوں کو شامل کرنا نہیں چاہتے ۔ یہ رسم ختم ہو ۔نئی نسل کے لئے دروازے کھولے جائیں ۔ مجھے خوشی ہے کہ امام اعظم صاحب آغاز سے ہی نوجوان نسل کی رہنمائی کرتے آرہے ہیں ۔اداریہ سے ایک جملہ ’’ اس کی داد آپ ضرور دیں گے کہ عہد کی دستاویز کو ،تہذیب و تمدن کے جائزے کو ہم نے سمیٹنے کی کوشش کی ہے ۔…‘‘
یہ شمارہ اس قابل ہے کہ اس کو پڑھا جائے ۔ میں اس خوبصورت شمارہ کی اشاعت پر امام صاحب کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔
٭٭٭

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here