مرحبا اے ماہِ رمضان اور خود کا جائزہ

0
173

[email protected] 

9807694588موسی رضا۔

اپنے مضمون كی اشاعت كے لئے مندرجه بالا ای میل اور واٹس ایپ نمبر پر تحریر ارسال كر سكتے هیں۔


 

 

فہیم اختر

جہاں پوری دنیا کورونا وائرس کی وبا سے پریشانِ حال ہے وہیں مسلمان ماہِ رمضان کی آمد سے پر جوش ہیں۔ اور ہوں بھی کیوں نا کیونکہ اس مہینے میں جہاں ہم اپنی گناہوں کو معاف کرانے کے لیے دن رات اللہ کی عبادت میں مشغول رہتے ہیں تو وہیں ہماری زندگی کو ایک بار پھر سجانے اور سنوارنے کا بہترین موقعہ بھی فراہم ہوتا ہے۔ ہمیں اس بات کی بھی یاد دہانی کرانے کا بھی موقعہ مل جاتا ہے کہ ہم اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی ہدایات پر عمل کر کے ایک نیک انسان کی طرح زندگی گزاریں۔ تاہم اس رمضان میں کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے دنیا بھر کے مسلمان بحالتِ مجبوری اپنے گھروں میں قید ہیں اور تراویح کی خاص عبادت مساجد میں جا کر ادا کرنے سے سے محروم رہیں گے۔ جس سے کروڑوں مسلمانوں میں مایوسی ہے۔ہم خوش نصیب ہیں کہ اس سال بھی ہمیں رمضان کا مبارک مہینہ نصیب ہوا ہے۔ رمضان کی آمد اور اس مہینے کی برکت سے ہم سب فیضاب ہوتے ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان اس مہینے میں روزہ رکھتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ عبادت کر کے اپنے آپ کو اللہ سے قریب ہونے کی عمدہ مثال پیش کرتے ہیں۔ تاہم بہت سارے ممالک میں پریشانِ حال مسلمان تن کو ڈھانکنے کے لئے کپڑے سے لے کر غذا تک کو بھی محروم رہتے ہیں۔ ان مسلمانوں کے ساتھ ملک کی بد حالی، خانہ جنگی ،بے روزگاری اور غربت جیسی ایسی وجوہات ہیں جس سے وہ بیچارے دوچار ہیں۔ تاہم ان کے لئے مختلف ممالک کے لوگوں کے زکوۃ کے ذریعہ امداد پہنچایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے برطانیہ کے مسلمان بھی نمایاں رول ادا کرتے ہیں۔
لندن سمیت برطانیہ کے مختلف شہروں میں مقامی وقت کے مطابق افطار کھولا جاتا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ میں لاک ڈان کا سلسلہ فی الحال ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے زیادہ تر لوگ اپنے گھروں میں قید روزے کا اہتما م کر رہے ہیں۔ تاہم عام طور پر زیادہ تر مساجد میں افطار کا انتظام کیا جاتا ہے جہاں لوگ جمع ہو کر اجتماعی افطاری کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ رات گیارہ بجے سے دیر رات تک تراویح بھی پڑھی جاتی ہے۔ ہندوستانی اور پاکستانی آبادی والے علاقوں کی کئی دکانوں میں افطار بھی بکتا ہے ۔جس سے اُن لوگوں کو آسانی ہوجاتی ہے جن کا کوئی خاندان نہیں ہوتا اور جو بیرون ِ ممالک سے برطانیہ بطور طالب علم رہائش پزیرہیں ۔تاہم ان لوگوں کو لاک ڈان کی وجہ سے کافی دکتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ بہت سار ی جگہوں پر مختلف اسلامی چیریٹی اُن بے گھر لوگوں کو بھی کھاناکھلاتے ہیں جو بحالتِ مجبوری راستوں پر اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔
ان تمام پریشانیوں کے باوجود ہم سب کہتے ہیں کہ’ مرحبا اے ماہِ رمضان‘۔توآئیے آج رمضان کے مہینے میں خود کا جائزہ لے اور اس بات کو محسوس کریں کہ کیا ہم رمضان کا مہینہ صرف بھوکے پیاسے رہ کر گزار دیتے ہیں یا اس سے ہمیں اللہ سے قربت کا احساس ہوتا ہے ۔رمضان کی فضیلت کیاہے ۔کیا ہمیں علم ہے کہ ہم نے جو عبادت کی اس کا مقصد کیا تھا ۔کیا ہم نے کسی کوجانے انجانے میں تکلیف پہنچائی ہے۔ کیا ہم نے صرف بھوکے پیاسے رہ کر روزے مکمل کئے ہیں۔کیا ہم نے نیت کی ہے۔ ایسے کئی سولات ہیں جنہیں اپنے آپ سے پوچھنا چاہیے۔ تاہم مجموعی طور پر رمضان کی فضیلت اور عبادت سے زیادہ تر لوگ واقف ہیں اور وہ اپنی عبادت اللہ کے حکم کے مطابق ہی کرتے ہیں۔
اگر روزے اور عبادت کی اہمیت کو سمجھے بغیر رمضان کا مہینہ گزارا جائے تو یہ ا یک محض رسم ہوگی اور ہم محض رمضان کو رسمی طور پر مناتے رہیں گے۔ رمضان کے متعلق حضرت محمد ﷺ نے ہمیں صبر، ہمدردی، اللہ سے قربت، دن اور رات کی عبادت،قرآن کی تلاوت اور اس کوسننے کی ہدایت دی ہے۔ اسی لئے حضرت محمد ﷺ نے رمضان کی عبادت اور اس بابرکت مہینے کی عبادت کے بدلے ڈھیروں نیکیاں کمانے کا بہترین موقعہ بتایا ہے۔ حضور ﷺ نے یہ بھی کہا ہے کہ اس مہینے کی عبادت سے ہمیں اپنے گناہ کو معاف کروانے کا موقعہ ملتا ہے ۔
روزے ہم اللہ کو خوش رکھنے کے لئے اور حضرت محمد ﷺ کے نقشِ قدم پر چلنے کے لئے رکھتے ہیں ۔عام طور پر روزے رکھنے سے ہمارے وزن میں گراوٹ آتی ہے لیکن ہمیں کبھی یہ سوچ کر یا نیت کر کے روزے نہیں رکھنے چاہئیں کہ ہمارا وزن روزے رکھنے سے کم ہو جائے گا۔ اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ ہمارے ذہن میں ایسی بات نہ آئے اور دورانِ گفتگو روزے کے حوالے سے وزن کو کم کرنے کا ذکر ہم ہر گز نہ کریں۔
روزہ ایک روحانی ورزش ہے جو ہمیں اللہ سے قریب کرتی ہے۔ اکثر ہم غفلت میں افطار کے دوران کھانے اور پینے کی چیزوں پر زیادہ دھیان دیتے ہیں۔تاہم ایسا ہونا ایک فطری عمل ہے کیونکہ دن بھر بھوکے رہنے کے بعد ہمیں اچھی غذا کی خواہش اور ضرورت ہوتی ہے۔ لہذاٰ ہم اپنا زیادہ وقت چیزوں کی خریداری میں صرف کر دیتے ہیں جس سے رمضان کی عبادت پر اثر پڑتا ہے۔ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ رمضان میں اپنی خواہشات اوربے جا خوشیوں کو بالائے طاق رکھ کر روزے کی اہمیت کو برقرار رکھیں۔
رمضان میں سحری کے وقت جاگنے سے ہمارے سونے کے اوقات میں تبدیلی آجاتی ہے۔ کیونکہ تراویح کا پڑھنا اور سحری میں جاگنے کی وجہ سے ہماری نیند میں کافی خلل پڑتا ہے۔ جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ کچھ لوگ روزے کے دوران نیند سونا پسند کرتے ہیں۔ ایسا کرنے سے ہم رمضان کی عبادت کو کھو دیتے ہیں اور ہم اس مبارک مہینے کی برکت سے محروم رہ جاتے ہیں۔ کچھ لوگ روزے کے دوران وقت کو گزارنے کے لئے ٹی وی دیکھتے ہیںیا دیگر تفریحات کا سہارا لیتے ہیں جو کہ ایک غیر ضروری بات ہے۔حضرت محمد ﷺ نے کہا ہے کہ “اگر لوگوں کو رمضان کی اہمیت کا علم ہوجائے تو وہ پورے سال رمضان مہینے کی چاہت کریں گے”۔
ایمان والوں کے لئے دعا اور عبادت شیطان اور انا سے نبٹنے کے لئے ایک اہم ہتھیار ہے۔حضرت محمد ﷺ نے کہا ہے کہ” اللہ تین لوگوں کی دعائوں کو کبھی مسترد نہیں کرے گا۔ پہلا والد کی دعا ، دوسرا روزے دار کی دعا ،اور تیسرا مسافر کی دعا”۔ہم رمضان میں اکثر اپنی ماں ، بہنوں اور گھر میں کام و کاج کرنے والوں کو بھول جاتے ہیں جوہمارے لئے افطار تیار کرنے میں اچھا خاصا وقت صرف کر دیتے ہیں۔ ہمیں خیال رکھنا چاہئے کہ انہیں بھی عبادت کا موقعہ ملے اور وہ عبادت سے محروم نہ رہیں۔
اسلام مذہب میں جھوٹ بولنے کے خلاف سخت الفاظ استعمال کئے گئے ہیں۔لہذاٰ رمضان میں ہمیں جھوٹی باتوں سے گریز کرنا چاہئے ۔ لیکن اکثر دیکھا گیا ہے کہ ہم روزے کی حالت میں جھوٹ بول کر اپنے آپ کو سُر خرو ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ مثلاً چند غریبوں کو رمضان کی امداد دے کر اخبارات میں تصویروں کا شائع کروانا یا کاروبار کے لین دین میں جھوٹ کا سہارا لینے سے گریز کرنا چاہئے۔ حضرت محمد ﷺ نے کہا ہے کہ ” اللہ کو اس انسان کے بھوک و پیاس سے کوئی مطلب نہیں جو روزے کی حالت میں جھوٹ اور غلط بیانی سے کام لیتا ہو”۔
رمضان میں تین ایسے سماجی طریقے ہیں جو رمضان کی اہمیت اور اس کی فضیلت کا احساس دلاتا ہے۔ افطار کا اہتمام کرناایک اہم سماجی طریقہ ہے اورجس کا اہتمام خاص کر مساجد میں کرنا چاہئے ۔لیکن اس بات کا دھیان رکھنا چاہئے کہ افطار پارٹی کے دوران اسٹیج کا سجانا یا بہترین کھانوں کا انتظام کرنا اسلام کی سادگی اور اعتدال پسندی کے خلاف ہے۔اعتکاف کے روحانی پسِ منظر میں مسجد میںرمضان کے آخری دس دن بیٹھنا ایک اہم عمل ہے ۔
اسلامی مہینے کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک رات شب قدر کہلاتی ہے جو بہت ہی خیر و برکت والی رات ہے۔قرآن پاک میں اس رات کو ہزار مہینوں سے افضل بتایا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ” بے شک ہم نے اس (قرآن) کو شب قدر میں اتارا ہے اور تم کیا جانو شب قدر کیا ہے شب قدر (فضیلت ، و برکت اور اجر و ثواب میں) ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اس (رات) میں فرشتے اور روح الا مین (جبرائیل) اپنے رب کے حکم سے (خیر و برکت کے) ہر امر کے ساتھ اترتے ہیں۔ یہ رات طلوع فجر تک سراسر سلامتی ہے۔” (سورۃالقدر)ہمیں اس رات کو خوب عبادت کرنی چاہئے اور اللہ سے اپنی گناہوں کی معافی مانگنی چاہئے۔
رمضان کے اس مبارک مہینے میں زیادہ تر مسلمان خوب عبادت کرتے ہیں اور اس مہینے میں ثواب بھی کماتے ہیں۔ لیکن آج کل کی بھاگتی زندگی میں ہم کہیں نہ کہیں گمراہ ہوجاتے ہیں اور ہم اپنا جائزہ لینا بھول جاتے ہیں۔ جب انسان اپنا امتحان خود لیتا ہے تو اسے اس بات کا علم ہوتا ہے کہ اس کے اندر کیا خامیاں اور خوبیاں ہیں۔اسی طرح رمضان میں اگر ہم اپنا جائزہ لیں تو ہمیں اپنی خوبیوں اورخامیوں کا پتہ چلے گا۔جس کی وجہ سے ہم ان غلطیوں کو دہرانے سے گریز کریں گے اور اس طرح ہم ایک نیک اور صالح انسان بن کر اچھے مسلمان بن جا ئیں گے۔ اللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے اور ہمیں نیک انسان بننے کی توفیق عطا کرے۔آمین
لندن ۔برطانیہ
www.fahimakhter.com

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here