ممبئی میں بھارت آؤٹ کلاس، آسٹریلیا 10وکٹوں سے کامیاب

0
251

آسٹریلیا نے کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت کو پہلے ون ڈے میچ میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 10وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

ممبئی میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور اوپننگ بلے باز 13 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد شیکھر دھاون کا ساتھ دینے لوکیش راہول آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 121رنز جوڑے۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب راہول 47رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ مجموعی اسکور میں 6رنز کے اضافے سے دھاون کی 47رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔

تاہم بھارت کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب کپتان ویرات کوہلی صرف 16رنز بنانے کے بعد ایڈم زامپا کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے جبکہ شریاس آئیر بھی صرف 4رنز بنا سکے۔

164 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد رویندرا جدیجا اور ریشابھ پانٹ نے کچھ مزاحمت کی اور 49رنز کی شراکت قائم کی لیکن دونوں بلے باز یکے بعد دیگرے 25 اور 28رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد چلتے بنے۔

اس کے بعد بھارتی ٹیم زیادہ رنز بنانے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم آخری اوور میں 255 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے تینوں فاسٹ باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور مچل اسٹارک تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ پیٹ کمنز اور کین رچرڈسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈیوڈ وارنر اور فنچ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا اور تمام بھارتی باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔

دونوں کھلاڑیوں نے کسی بھی قسم کا چانس دیے بغیر اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں اور 74 گیندوں قب ہی ہدف حاصل کر کے ممبئی کے وینکھیڈے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو سکتہ طاری کردیا۔

مین آف دی میچ وارنر نے 112 گیندوں پر 3 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 128 جبکہ فنچ نے دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 110 رنز بنائے۔

اس میچ میں فتح کی بدولت آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 17 جنوری کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here