دنیا بھر میں عید میلاد النبی (ص) کی تقریبات اور ہفتہ وحدت کا آغاز ہوگیا ہے اور مختلف ملکوں میں جشن کی محفلیں اور جلوس محمدی صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم برآمد کیے جارہے ہیں
ہندوستان اور پاکستان میں جشن عید میلاد النبی ص بڑی ہی شان و شوکت کے ساتھ منایا جارہا ہے اور برصغیر کی فضائیں بھی درود و سلام کی صداؤں سے گونج رہی ہیں۔
مختلف شہروں کی سڑکوں اورکوچوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور جگہ جگہ نعت خوانی اور محفل میلاد کا سلسلہ جاری ہے ۔
عید میلاد النبی ص کے موقع پر پاکستان میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان کے صدرڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے جشن میلادالبنی ص کے موقع پر پوری ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے آپ کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرنے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستان میں بھی جشن میلاد البنی صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم پوری شان شوکت کے ساتھ منایا جارہا اور دارالحکومت دہلی سمیت مختلف شہروں میں جشن کے سیکڑوں جلوس برآمد کیے گئے ہیں جن میں ہزاروں افراد شریک ہیں۔
اس موقع پر شیعہ سنی اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ہندوستان کےصدر رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی نے آج عید میلاد النبی(ص) کے موقع پر ملک میں مسلمانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبرحضرت محمد (ص)کی تعلیمات ہمیں معاشرے میں ہم آہنگی اور ہمدردی کے احساس کو بڑھانے کا درس دیتی ہے۔
یمن، لبنان، عراق اور شام سمیت عرب دنیا کے بیشتر ملکوں میں سے جشن میلادالبنی ص کے آغاز اور محافل سیرت کے انعقاد کی خـبریں موصول ہوئی ہیں۔ یمنی عوام نے دارالحکومت صنعا میں بارہ ربیع الاول کو عظیم الشان جشن میلاد النبی ص کا اہتمام کیا جس میں لاکھوں کی تعداد میں عاشقان نبی (ص) نے شرکت کی۔ یمن کے دیگر شہروں میں بڑے پیمانے پر جشن میلادالنبی صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کے موقع پر عظیم الشان ریلیاں اور جلوس نکالے گئےاور بنی پاک ص سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
بارہ ربیع الاول کے مبارک موقع پر ایران کے مختلف علاقوں میں سنی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ شیعہ مسلمان اور علمائے کرام، عید میلاد النبی ص کے جشن میں شریک ہیں اور نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پاک پر ثابت قدم رہنے کا عہد کر رہے ہیں۔
عید میلاد النبی ص کے جشن کے ساتھ ساتھ ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں میں ہفتہ وحدت کا بھی آغاز ہوگیا ہے – ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ہونے والے سیمیناروں اور کانفرنسوں میں مقررین کی جانب سے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔
بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے بارہ سے سترہ ربیع الاول کے ایام کو ہفتہ وحدت کے طور پر منانے کا حکم دیا تھا جس کا مقصد مسلم امہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے کے دشمنان اسلام کی شازشوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام بنانا تھا۔
اہل سنت راویوں اور علما کے مطابق بارہ ربیع الاول پیغمبراسلام ص کی ولادت باسعادت کی تاریخ ہے جبکہ شیعہ راویوں اورعلما کے مطابق پیغمبراسلام کی ولادت باسعادت کی تاریخ سترہ ربیع الاول ہے اسی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح)نے بارہ سے سترہ ربیع الاول تک کی تاریخ کو ہفتہ وحدت قراردیا تھا اور اس کے بعد سے ہر سال ایران اور پوری دنیا میں ان ایام میں ہفتہ وحدت منایا جاتا ہے۔
Also read