بغداد سے ایران کی نیوز ایجنسی ارنا نے رپورٹ دی ہے کہ بغداد میں مظاہرین سے سیکورٹی دستوں نے کہا کہ معینہ مقامات پر مظاہرے کریں اور حکومتی مراکز کی طرف بڑھنے سے گریز کریں۔اسی کے ساتھ پولیس اہلکاروں نے بغداد کےگرین علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مظاہرین پر پولیس اہلکاروں نے پانی کا چھڑکاؤ کرکے آگے بڑھنے سے روک دیا ۔
بغداد کا گرین علاقہ ، الخضرا ، عراقی دارالحکومت کا وہ علاقہ ہے جہاں اہم سرکاری دفاتر کے ساتھ ہی بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندہ دفاتر اور امریکا اور برطانیہ کے سفارتخانے واقع ہیں ۔ یہ علاقہ بغداد کے مرکز میں دس مربع کلومیٹر کے رقبے پر مشتمل ہے ۔جمعرات کی رات بھی عراقی دارالحکومت بغداد میں لوگوں نے مظاہرہ کرکے بدعنوانی کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ عراق میں اربعین سے چند روز قبل عوام نے بدعنوانی کے خلاف ملک گیر مظاہرے شروع کئے تھے جنہیں بعض مشکوک عناصر نے منحرف کرکے تشدد میں تبدیل کردیا تھا۔
یہ مظاہرے عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کی جانب سے عوام کے مطالبات تسلیم کرنے اور ضروری اصلاحات انجام دینے کا وعدہ کئے جانے کے بعد رک گئے تھے ۔
Also read