سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کے قریب بس حادثے کے نتیجے میں 35 زائرین جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے ‘اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ مدینہ پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ مدینہ منورہ سے 170 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع حجرہ روڈ پر نجی بس مسافروں کو لے کر جارہی تھی کہ ایک لوڈر سے ٹکرا گئی۔
عرب نیوز کے مطابق بس میں 39 افراد سوار تھے، جن میں سعودی عرب میں مقیم ایشیائی اور عرب شہری بھی شامل تھے۔
سعودی پریس ایجنسی نے مزید کہا کہ زخمیوں کو الحمنہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور حکام نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
حادثے کے وقت بس میں 39 افراد سوار تھے—فوٹو: اے ایف پی
سعودی خبررساں ادارے ’اردو نیوز ‘کی رپورٹ کے مطابق بس حادثے کی اطلاع ملتے ہی مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
اس حوالے سے سعودی ہلال احمر نے کہا کہ ان کی 20 ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھیں جنہوں نے جاں بحق افراد کی لاشوں کو بس سے مردہ خانے منتقل کیا جبکہ زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔
ہلال احمر کا کہنا تھا کہ بس حادثہ 16 اکتوبر کی شب 18 بجکر 49 منٹ پر ہوا تھا اور جب ان کی امدادی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو صرف 4 افراد زخمی تھے اور باقی مسافر جاں بحق ہوچکے تھے۔
اردو نیوز کے مطابق ہلال احمر نے مزید بتایا کہ حادثے میں 35 مقامی عمرہ زائرین جاں اور4 زخمی ہوگئے ہیں جن میں پاکستانی بھی شامل تھے جبکہ دیگر کا تعلق مختلف ممالک سے ہے او ان کی شناخت کی جارہی ہے۔
اس سے قبل اپریل 2018 میں سعودی عرب میں مکہ کے راستے پر جانے والی بس، آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے نتیجے میں 4 برطانوی جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔
جنوری 2017 میں حج کے بعد مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جانے والی منی بس حادثے کے نتیجے میں 2 ماہ کی بچی سمیت 6 برطانوی شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 2016 میں سعودی عرب کے مغربی علاقے میں زائرین کی بس کو حادثے کے نتیجے میں 19 زائرین ہلاک جبکہ 22 زخمی ہوگئے تھے۔
Also read