سخن زار کی جانب سے آن لائن مشاعرہ منعقد
امروہہ(سید شیبان قادری)پوری دنیاکے حالات بڑے نازک ہیں کرونا وائرس کے چلتے لاکڈاؤن جس طرح سے لوگوں پر ایک پریشانی کا سبب بنا ہوا ہے اس کا خیال رکھتے ہوئے دنیا کے کئی بڑے شعراء نے لائیو سیشن کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔ جس کے چلتے وہ لوگوں سے سوشل میڈیا پر جڑے ہوئے ہیں اور انہیں کووڈ-۱۹ کے لیے اپنے اپنے طریقے سے میسج کر رہے ہیں اور سوشل ڈسٹینس بنائے رکھنے کے لیے ان سے التجا کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی شعراء اپنے کلام سے بھی لوگوں کو باندھے رکھنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔لہذا ادبی پیج سخن زار امروہہ کی جانب سے مشاعرہ منعقد کیا گیا۔جس کے تحت فیسبک پیج سخن زار امروہہ کے ذریعے مشہورشاعروں کے کلام کو لوگوں کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔جس میں پوری دنیا سے لوگ جڑ رہے ہیں۔پہلا شیشن رمضان کی آمد سے قبل مکمل کر لیا گیا۔پروگرام کا مقصد صرف لوگوں تک یہ میسج پہنچانے کی کوشش ہے کہ گھروں میں رہیں جب تک لاکڈاؤن چل رہا ہے اپنے لوگوں کا خیال رکھیںاور ساتھ ہی ساتھ اپنے آس پاس کے لوگوں کا بھی خیال رکھیں ۔شعراء نے بہترین کلام پیش کر داد و تحسین حاصل کی۔منتخب اشعار پیش ِ خدمت ہیں۔
بہت دشوار ہے پڑھنا پڑھانا
نظر کمزور ہوتی جا رہی ہے (شفاعت فہیمؔ)
پیچھے ہیں بہت پیچھے صفِ کم نظراں میں
ہونا تھا ہمیں اہلِ نظر میں بہت آگے (سید مسرور جوہرؔ)
یہ خامشی، یہ ُاداسی، یہ کربِ تنہائی
یہ زندگی تو ہے ناصر ؔمگر سزا سی ہے ( ناصر اؔمروہوی)
ساحلوں پر گھر بنائیں گے اگر شیبانؔ ہم
کچھ نمی گھر کے در و دیوار میں بھی آئے گی (سید شیبان ؔقادری،امروہہ)
میں زمانے کے مسائل میں اُلجھ جاتا ہوں
وہ دبے پائوں تصور سے نکل جاتا ہے (مجیب ساحل،ؔپیلی بھیت)
مقدر میں جو لکھّا ہے وہی ہوگا،وہی ہوگا
محبت میں بُت ِ کافر سے تم فریاد مت کرنا (شائستہ ؔمہ جبیں،جے پور)
امیر ہو گیا رشوت کی جو کمائی کی
دلیل دیتا ہے لیکن وہ پارسائی کی (کوکب ؔامروہوی)
منزلیں مل گئیں جانے کس کو حناؔ
اپنی قسمت میں بس راستہ رہ گیا (حنا ؔعباس ،دبئی)
مرے طبیب نے مجھکو دواتو دی لیکن
شفاء کے واسطے پھر بھی دعا ضروری ہے (مسکان ؔریاض،دبئی)
اس سیشن کے ذریعے سے سخن زار امروہہ سے ملک و بیرون ملک سے بہت شعراء جڑ رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ قدم لاکڈاؤن کے لیے کارگر ثابت ہوگا۔آخر میں پیج کے فائونڈر سید شیبان قادری و ڈاکٹر ناصر امروہوی نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔