9807694588موسی رضا۔
اپنے مضمون كی اشاعت كے لئے مندرجه بالا ای میل اور واٹس ایپ نمبر پر تحریر ارسال كر سكتے هیں۔
سید بصیر الحسن وفاؔ نقوی
امام غیب سے تشریف جب بھی لائیں گے
مرا یقین ہے پتھر بھی مسکرائیں گے
مٹے گی ظلم کی دنیا انھیں کی آمد سے
زمیں کو امن کا کعبہ وہی بنائیں گے
کہیں گے بت بھی یہ گر کر کہ ہم موحد ہیں
امام معنیِ توحید جب بتائیں گے
رہیں گے ان کے ہی جلووں کے ہر طرف سورج
وہ کائنات کی تاریکیاں بجھائیں گے
وہ آگ کردیں گے گلزار ہر مصیبت کی
خلیلِ وقت کو جب ہم صدا لگائیں گے
علیؑ کے لہجے میں قرأت کریں گے کعبے میں
نماز عیسیِ مریم کو وہ پڑھائیں گے
شباب آئے گا پھر علم کی زلیخا پر
وہ فخرِ یوسفِ کنعاں جو لب ہلائیں گے
عصائے حضرتِ موسیٰ بھی دیکھتا ہوگا
مصلیٰ آبِ رواں پر وہ جب بچھائیں گے
مٹا کے رکھ دیں گے دجال کو مرے مولا
تمام کافر و ظالم سزائیں پائیں گے
چلے گا خلق میں سکہ شریف لوگوں کا
شریر لوگ کہاں جاکے منہ چھپائیں گے
یقین رکھنا دلِ مضطرب زیارت کا
’’اٹھا کے پردۂ غیبت امام آئیں گے‘‘
ملے گی مجھ کو وفاؔ کوہِ جودیِ بخشش
وہ نوح بن کے سفینہ مرا بچائیں گے
موبائل:9219782014