9807694588
اپنے مضمون كی اشاعت كے لئے مندرجه بالا ای میل اور واٹس ایپ نمبر پر تحریر ارسال كر سكتے هیں
ہاجرہ نورزریاب

تیرا پیکر تلاش کرتی ہیں
اب نگاہیں بہت ترستی ہیں
دھڑکنوں میں ترا تسلسل ہے
چوڑیاں یاد میں کھنکتی ہیں
یاد کے راستے میں سوچیں بھی
ڈولتی ہیں کبھی سنبھلتی ہیں
آرزو دل میں بین کرتی ہے
حسرتیں آنکھ میں مچلتی ہیں
میری آنکھیں تلاش میں تیری
کس قدر راستے بدلتی ہیں
ہو کے مایوس صبح دم شمعیں
آہ بھر کر دھواں اگلتی ہیں
جب تصور میں ساتھ ہوتے ہو
خوشبوئیں ساتھ ساتھ چلتی ہیں
جب بھی زریابؔ وہ نہیں آتا
رات میں سسکیاں ابھرتی ہیں





