……ایک سیلفی……

0
179

ابوالاشبال ابن فیضی

کیا ایک سیلفی کسی انسان کی عظمت کو ثابت کر سکتی ہے؟ کیا کسی معزز اور با وقار شخص کے ساتھ لی گئی سیلفی ہمیں بھی معزز بنا سکتی ہے؟ کیا صرف ایک سیلفی کسی انسان کی شخصیت کو اجاگر کر سکتی ہے؟ اس طرح کے اور بہت سے سوالات ذہن کے دریچوں میں گردش کر رہے ہیں اور مجھے پش و پیش میں مبتلا کئے ہوئے ہیں. ان سوالات کا ذہن میں گردش کرنا بلا سبب نہیں ہے بلکہ موجودہ دور کی سیلفی کی ایجاد نے ہمیں ان سوالوں میں الجھا دیا ہے. جسے دیکھو وہ سیلفی لینے میں مشغول ہے کبھی تنہا تو کبھی کسی فلمی اسٹار کے ساتھ تو کبھی کسی عظیم شخصیت کے ساتھ، گویا ہر کوئی سیلفی کے سہارے عظیم نہیں بلکہ عظیم تر بننے کی کوشش کرتا ہے.
لیکن کیا یہ سیلفیاں جسے لینے کے لئے ہوڑ لگی ہوتی ہیں کسی کی شخصیت کو عظیم بنا سکتی ہیں؟ کسی کو شہرت و معرفت دلا سکتی ہیں؟ کیا یہ سیلفیاں انسان کی عظمت کے ثبوت کے لئے کافی ہیں؟ کیا کسی کے ساتھ سیلفی لینے سے ہم بھی وہ کارنامہ انجام دے سکتے ہیں جو انہوں نے دیا ہے؟
اگر ان سوالات کا جواب ہم ہاں میں دیں تو یہ فقط ہماری خام خیالی ہے. صحیح بات تو یہ ہے کہ کسی عظیم شخص کے ساتھ سیلفی لینے سے نہ ہم عظیم بن سکتے ہیں اور نہ شہرت کی ان بلندیوں کو چھو سکتے ہیں جو انکے حصے میں آئیں.
لیکن اگر ہم دوسرے ناحیہ سے دیکھیں تو کسی عظیم شخص کے ساتھ لی گئی سیلفی ہمیں ضرور اس بات پر آمادہ کرے گی کہ ہم بھی ان کی طرح بنیں. کیوں کہ ان کے عظیم کارنامے کی وجہ سے لوگ ان کے ساتھ سیلفی لینے کے خواہاں ہیں. اس طرح ہمارے دل میں یہ بات ضرور پیدا ہوگی کہ ہم بھی انہیں عظیم ہستیوں کے نقش قدم پر چلیں. ان کی اتباع کی کوشش کریں. اور انتھک کدو کاوش کریں تاکہ ہمارا شمار بھی عظیم لوگوں میں ہو.
مذکورہ باتیں میرے ذہن میں آنے کے بعد قرطاس پر نقش اس لئے ہوئیں کہ میں نے ایک کانفرنس کے اختتام پر اپنے ارد گرد نظریں دوڑائیں تو دیکھا کہ بہت سارے لوگ کانفرنس میں شریک عظیم ہستیوں کے ساتھ سیلفی لینے میں مشغول ہیں تو میں نے بھی اس خیال کے ساتھ چند سیلفیاں لیں کہ اگر دنیا میں یادگار چھوڑنا ہے تو کچھ ایسا عمل کرنے کی ضرورت ہے کہ دنیا یاد رکھے۔

Also read

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here