9807694588
اپنے مضمون كی اشاعت كے لئے مندرجه بالا ای میل اور واٹس ایپ نمبر پر تحریر ارسال كر سكتے هیں۔
مولانا سید آفاق عالم سرسوی، مقیم ایران
کس قدر مناسب اور مستحسن ہے کہ سال کی تبدیلی اور رمضان المبارک کی آمد اور اس کے استقبال کے موقع پر جو کہ خدا کی رحمت اور مغفر کا مہینہ ہے،ہم بھی اپنی کمیوں،برائیوں کو جو کہ ہمارے باطن میں موجود ہیں،خود کے سامنے رکھ کر استغفار و توبہ کریں یعنی خدا کی جانب بازگشت کریں،برائیوں سے منہ موڑیں،یہی تبدیلی وجود میں لانا ہے۔
استغفار اور خدا کی جانب بازگشت نیز ہمارے باطن کی اصلاح اس بات کا موجب ہوگی کہ خدا وندے عالم اپنا فضل و کرم،اپنی رحمت و برکت اور عزت و طاقت سے ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ سر افراز فرمائے گا،سبھی طبقات پر مشتمل لوگ مجھ جیسے لوگ ہوں یا وہ سبھی لوگ جن کے کاندھوں پر ذمہ داریاں ہیں،ہم سب کو اپنی خودی کی جستجو کرتے ہوئے اس میں نظر ثانی کی ضرورت ہے نیز خود پر مسلط نفسانی خواہشات کا جائزہ لینے اور موازنہ کرنے کی ضرورت ہے ہم سبھی لوگ بشمول عوام الناس کو اس بازگشت اور اصلاح کی ضرورت ہے۔
رمضان،پروردگار کے خاص بندوں کی ضیافت کا مہینہ
رمضان المبارک کے مہینہ کا آغاز،در حقیقت مسلمانوں کیلئے بہت بڑی عید ہے لہذا مناسب ہوگا کہ تمام مسلمان اس مہینہ کی آمد پر ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کے علاوہ زیادہ سے زیادہ فیض اٹھانے کی نصیحت و تاکید کیا کریں ،کیوں کہ یہ خدائی ضیافت کا مہینہ ہے۔
اس مہینہ میں صرف مومنین اور اہلیت رکھنے والے ہی مدعو کیئے جاتے ہیں اور یہی لوگ خداوند منان و کریم کے دستر خوان پر بیٹھنے کا حق رکھتے ہیں،یہ دستر خوان خداوندے عالم کے اس عام کرم والے خوان سے الگ ہے کہ جس سے سبھی لوگ بلکہ سبھی خلائق عالم مستفید ہوتے ہیں یہ دستر خوان خداوند عالم کے خاص الخواص مہمانوں کیلئے ہی بچھایا جاتا ہے۔
رمضان،تعمیر نفس اور عبادتوں کا مہینہ
آپ کے پاس جو کچھ ہے اسلام کی وجہ سے ہے۔جو کچھ بھی ہے وہ خدا پر توجہ اور خدا پر بھروسہ و ارتباط کی بنا پر ہے۔اس لئے خدا سے ارتباط اور اتصال کو فراموش نہ کریں۔رمضان کے مہینہ کی جو کہ تعمیر نفس اور عبادت کا موسم بہار ہے نیز توجہ وذکر و استغفار اور خدا سے استغاثہ کیلئے موسم بہار کا مہینہ ہے،اس کی آمد قریب ہے۔اس کی قدر و منزلت کو پہچانیں،مختلف طبقات پر مشتمل لوگ،خاص کر جوان طبقہ،ماہ رمضان کو بہترین موقع سمجھیں،سبھی لوگ خدا سے پناہ طلب کریں،اس کی ہدایت و عنایت کے طلب گار ہوں،اس پر بھروسہ کریں اور اس کے دشمنوں کی ذرہ برابر بھی پرواہ نہ کریں۔
ماہ رمضان،اسلام کا مہینہ
اسلام کا مہینہ یعنی،خدا کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کا مہینہ،جوان آدمی جب روزہ رکھتا ہے تو بھوک اور پیاس لگتی ہے،سبھی طرح کی نفسانی خواہشات،اسے اپنی جانب کھینچتی ہیں،لیکن وہ ان سب خواہشات کا ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہے،یہ سب کس لئے ہے،وہ اپنے پروردگار کے احکام کے نفاذ کیلئے یہ سب کچھ کرتا ہے،وہ اپنے پروردگار کے آگے سر تسلیم خم کرتا ہے،سال کے دیگر ایام میں ایسے مخصوص دن کی طرح وہ کبھی بھی اس قدر خدا کے آگے سر تسلیم خم نہیں کرتا مگر یہ کہ رمضان کے مہینہ میں یہ امر معمول بن جاتا ہے،اس لحاظ سے رمضان کا مہینہ،تسلیم و رضا کا مہینہ ہے پس،اسلام کا مہینہ تسلیم کا مہینہ ہے۔
ماہ رمضان ،پاکیزہ بنانے والامہینہ
ماہ رمضان پاکیزہ بنانے والا مہینہ ہے،اس مہینہ میں ایسے عوامل پائے جاتے ہیں جو ہماری روح کو پاک و پاکیزہ بنادیتے ہیں،اب وہ عوامل ہیں کیا۔ان میں سے ایک عامل،روزہ ہے،دوسرا قرآن کی تلاوت ہے اور تیسرا دعا اور گریہ و زاری ہے۔خدا کے دسترخوان پر رکھی گئی ایک مہینہ کی الہی ضیافت کی نعمت اور غذائیں اس قدر زیادہ ہیں کہ جسے خدا وندے عالم نے لوگوں کیلئے مرحمت فرمائی ہیں ،امام کے کلام کا مقصد یہ ہے کہ اس ضیافت و مہمان نوازی میں خداوندے عالم روزہ کے ذریعہ آپ کی خاطر و تواضع فرماتا ہے۔
روزہ خدا وندے عالم کا ایک خوان نعمت ہے جس طرح کہ اس عظیم مہمان نوازی میں قرآن کریم میں بھی خداوندے عالم کا ایک خوان نعمت شمار کیا جاتا ہے۔اس خوان نعمت سے جتنا زیادہ ہوسکے فائدہ اٹھایئے۔آپ کے معنوی ستون اور بنیاد مستحکم ہو جائیں گے پھر آپ کمال وترقی پر مبنی عظیم ذمہ داری اور بوجھ کو بڑی آسانی سے اٹھا سکیں گے،پھر سعادت و خوش نصیبی آپ کے قریب ہو جائے گی۔
٭٭٭